ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / قطری پرچم کے قریب فوجیوں کے ہنسنے پر امریکی سفیر طلب

قطری پرچم کے قریب فوجیوں کے ہنسنے پر امریکی سفیر طلب

Fri, 10 Jun 2016 17:20:08  SO Admin   S.O. News Service

دوحہ،10جون(آئی این ایس انڈیا)خلیج میں سب سے بڑے امریکی فوجی اڈے کی میزبانی کرنے والے ملک قطر نے امریکی فوجیوں کی طرف سے قطر کے پرچم کے قریب ہنسنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد امریکی سفیر کو طلب کر لیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آن لائن پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں امریکی فوجیوں کو قطر کے پرچم کے سامنے ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے مطابق اس نے سوشل میڈیا پر حال ہی میں گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے معاملے پر ۔۔۔ امریکی سفیر کو طلب کیا ہے۔ خاتون سفیر سے کہا گیا ہے کہ اس ویڈیو کے مناظر کی وضاحت کریں۔
روئٹرز کے مطابق ویڈیو کلپ میں یونیفارم میں ملبوس دو امریکی فوجیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جن میں سے ایک خاتون اور ایک مرد فوجی ہے۔ یہ فوجی ایک امریکی اور ایک قطری پرچم کے سامنے ایک کیمرے میں دیکھتے ہوئے بات کر رہے ہیں، مذاق کر رہے ہیں۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق امریکی سفیر ڈانا شیل اسمتھ نے قطر کے نائب وزیر خارجہ سلطان المُریخی سے ملاقات کی۔ روئٹرز کے مطابق اسمتھ نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے اس واقع پر معذرت کی ہے۔ڈانا شیل اسمتھ نے ایک قطری شہری کی طرف سے ٹوئیٹر پر پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں اپنے اکاؤنٹ سے ٹوئیٹ کیا، امریکی ملٹری کمانڈ کو اس واقعے کی تحقیقات کا کہا گیا ہے اور اس پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔عربی میں جاری کیے گئے اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں شیل اسمتھ نے لکھا، یہ بات یقینی ہے کہ ان فوجیوں نے قطر کی ریاست کا نہیں بلکہ اپنا مذاق اڑایا ہے۔قدرتی گیس کے وسیع ذخائر رکھنے والا خلیجی ملک قطر دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ قطر میں العیدید نامی امریکی ایئربیس پر قریب 10 ہزار امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ یہ خلیجی عرب ریاست واشنگٹن کے سب سے بڑے عرب اتحادیوں میں سے ایک ہے۔
 


Share: